گومل یونیورسٹی کی فیکلٹی آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے شعبہ ڈینٹل ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام فری ڈینٹل کیمپ کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں ڈین فیکلٹی آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر شفیع اللہ خان، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، ڈین آف سائنسز، ڈین کمپیوٹنگ اینڈ آئی ٹی اور ڈین مینجمنٹ سائنسز بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر اقبال نے شعبہ ڈینٹل ٹیکنالوجی کی اس عوامی خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے فلاحی اقدامات نہ صرف طلباء کی پیشہ ورانہ تربیت کا ذریعہ ہیں بلکہ معاشرتی شعور اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ڈین الائیڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر شفیع اللہ خان نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیکلٹی مستقبل میں بھی عوامی خدمت کے ایسے پروگرام تسلسل کے ساتھ جاری رکھے گی۔
یہ کیمپ 24 اکتوبر تک جاری رہے گا، جس میں شہریوں کو مفت ڈینٹل چیک اپ، اسکیلنگ، پالشنگ، دانت نکالنے، فلنگ اور روٹ کینال ٹریٹمنٹ (RCT) کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔