گومل یونیورسٹی میں ڈیجیٹلائزیشن، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور انتظامی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت،
قائم مقام وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر نے ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی میں ’’گومل ڈیٹا سینٹر‘‘ اور ’’1LINK‘‘ سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں رجسٹرار عمران اللہ مروت، تمام شعبہ جات کے ڈینز، کنٹرولر امتحانات، ڈائریکٹر آئی ٹی ڈاکٹر محمد اعجاز خان سمیت متعلقہ افسران اور آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے شرکت کی۔
اس موقع پر قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر نے کہا کہ مرکزی ڈیٹا سینٹر کا قیام گومل یونیورسٹی میں ون ونڈو سروسز کے تصور کو عملی جامہ پہنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ مرکزی ڈیٹا سینٹر کے ذریعے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے ڈیٹا کو ایک مربوط اور مرکزی نظام کے تحت مرتب، محفوظ اور ضرورت کے مطابق مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ جدید ڈیٹا مینجمنٹ نظام سے نہ صرف یونیورسٹی کے انتظامی امور کو مزید مؤثر اور تیز بنایا جا سکے گا بلکہ فیصلہ سازی، معلومات تک رسائی اور ادارہ جاتی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔
قائم مقام وائس چانسلر نے 1LINK سروس کے آغاز کو طلبہ کے لیے ایک اہم اور قابلِ قدر سہولت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب طلبہ کو یونیورسٹی فیس جمع کروانے کے لیے بینکوں کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ آن لائن فیس ادائیگی کی سہولت سے طلبہ کو گھر بیٹھے فیس جمع کروانے میں آسانی میسر آئے گی، جبکہ فیس وصولی کے نظام میں شفافیت، مؤثریت اور بہتر مالی نگرانی کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ یکم ستمبر 2026 سے گومل یونیورسٹی میں بائیومیٹرک حاضری کے نظام کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔ بائیومیٹرک حاضری کے نفاذ سے ملازمین کی حاضری کے نظام میں شفافیت آئے گی، وقت کی پابندی کو فروغ ملے گا اور یونیورسٹی کے انتظامی امور کو مزید منظم اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر نے گومل ڈیٹا سینٹر، 1LINK سروس اور بائیومیٹرک حاضری سمیت اہم ڈیجیٹل اقدامات کی تکمیل پر ڈائریکٹر آئی ٹی ڈاکٹر محمد اعجاز خان اور آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ گومل یونیورسٹی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور طلبہ و ملازمین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔
گومل یونیورسٹی میں گومل ڈیٹا سینٹر، 1LINK سروس اور بائیومیٹرک حاضری کے نظام کا آغاز ادارے کو ایک جدید، مربوط، شفاف اور مکمل طور پر ڈیجیٹل یونیورسٹی بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔