گومل یونیورسٹی میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے ڈپارٹمنٹ آف اسپورٹس سائنسز اینڈ فزیکل ایجوکیشن کی پرانی اور یادگار عمارت کو مکمل تزئین و آرائش کے بعد جدید اسپورٹس ہاسٹل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ یہ ہاسٹل ماضی کی حسین یادوں کو محفوظ رکھتے ہوئے اب مستقبل کے کھلاڑیوں کے لیے ایک مثالی اور سہولیات سے آراستہ رہائشی مرکز بن چکا ہے۔
گومل یونیورسٹی ہر سال انٹر کالجز اور انٹر یونیورسٹیز کے زونل مقابلہ جات کا انعقاد کرتی ہے۔ رواں سال بھی ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے گومل یونیورسٹی کو چار بڑے ٹورنامنٹس کی میزبانی سونپی گئی ہے، جن میں کرکٹ، فٹ بال، والی بال اور فیلڈ ہاکی شامل ہیں۔ ان مقابلہ جات میں ٹنل کے اس پار واقع مختلف جامعات کے کھلاڑی شرکت کرتے ہیں، جن کے لیے مناسب اور باقاعدہ رہائش ایک دیرینہ ضرورت تھی۔
اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر اسپورٹس گومل یونیورسٹی ڈاکٹر وسیم خان نے وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال کی خصوصی ہدایات پر اس پرانی عمارت کی تزئین و آرائش کا منصوبہ شروع کیا، جسے کامیابی کے ساتھ مکمل کرتے ہوئے اسے جدید اسپورٹس ہاسٹل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
فروری میں منعقد ہونے والے آئندہ زونل مقابلہ جات کے موقع پر اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے کھلاڑیوں کے لیے باقاعدہ کیمپس کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ ٹانک اور پہاڑپور سے آنے والے کھلاڑیوں کے لیے رہائش سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ گومل یونیورسٹی بالخصوص وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال، رجسٹرار گومل یونیورسٹی ظاہر شاہ مروت، لینڈ آفیسر اور ورکس ڈائریکٹوریٹ کا تہہ دل سے شکر گزار ہے، جن کے تعاون اور کاوشوں سے یہ منصوبہ بروقت اور احسن طریقے سے پایۂ تکمیل تک پہنچا۔