گومل یونیورسٹی اور یو لرن پرائیویٹ لمیٹڈ کے مابین E-Learning سہولیات کے فروغ کے لیے ایک اہم مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی تقریب نیو سینیٹ ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال، کمشنر ڈیرہ ڈویژن ظفر الاسلام خٹک، رجسٹرار ظاہر شاہ مروت، ڈین(Open Distance Learning) ODL ڈاکٹر محمد جمیل خان، یو لرن کے سی ای او وسیم احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ODL(Open Distance Learning) عمر عبدالرحیم سمیت تمام شعبہ جات کے سربراہان اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے کہا کہ یہ اشتراک گومل یونیورسٹی کے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے، فاصلاتی تعلیم کو فروغ دینے، ڈیجیٹل لرننگ، ٹیسٹنگ و اسیسمنٹ سروسز کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور گریجویٹس کی روزگار سے متعلقہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ایک انقلابی قدم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ(Higher Education Commission) HEC کے طے کردہ معیارات کے مطابق اوپن اینڈ ڈسٹنس لرننگ (ODL) کو نافذ کرنے، سمسٹر اسیسمنٹ، سرٹیفکیشن، ملازمت سے متعلقہ ٹیسٹنگ اور AI پر مبنی تعلیمی سہولیات جیسے چیٹ بوٹس کی تیاری کے لیے یہ شراکت داری کلیدی کردار ادا کرے گی۔
یو لرن کے سی ای او وسیم احمد اور کمشنر ڈیرہ ظفر الاسلام خٹک نے بھی اس موقع پر اظہارِ خیال کیا اور اسے طلبہ کے لیے ایک جدید اور موثر تعلیمی پلیٹ فارم قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے تمام مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ شراکت داری گومل یونیورسٹی کو جدید تعلیم کی نئی جہتوں سے ہم آہنگ کرے گی ۔