Gomal University

گومل یونیورسٹی کی فیکلٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز میں وائٹ کوٹ تقریب 2025، ریبیز آگاہی واک اور ویکسین آگاہی کیمپ کا شاندار انعقاد

فیکلٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز، گومل یونیورسٹی میں داخل ہونے والے نئے اور مستقبل کے ویٹرنری ڈاکٹرز کے لیے وائٹ کوٹ تقریب 2025 کے ساتھ عوام کے لیے ریبیز آگاہی مہم اور ویکسین آگاہی کیمپ کا شاندار انعقاد ڈین ڈاکٹر فائقہ رمضان کی سربراہی میں کیا گیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر گومل یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال کا گھوڑے کی تھاپ پر فقید المثال استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈینز، ڈیپارٹمنٹ سربراہان، فیکلٹی ممبران،ڈائریکٹر فنانس ،پرووسٹ،چیف پراکٹر اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے نئے طلباء و طالبات کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ تعلیمی سفر کو احسن انداز میں جاری رکھنے کے لیے شاعر مشرق علامہ اقبال کے خودی کے درس کو اپنانا ضروری ہے۔ انہوں نے حاضرین کو مسلمانوں کے موجودہ کردار کو بہتر بنانے کی اہمیت سے آگاہ کیا اور کہا کہ معاشرے میں مثبت اور فعال کردار ادا کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔

ڈین ڈاکٹر فائقہ رمضان نے وائس چانسلر سمیت تمام معزز مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور فیکلٹی کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ FVAS پاکستان کا چوتھا بڑا اور خیبرپختونخوا کا پہلا بڑا ویٹرنری ادارہ ہے، جو 1999 سے شعبہ ویٹرنری سائنسز میں بہترین تربیت یافتہ ڈاکٹرز اور پیرا ویٹرنری اسٹاف تیار کر رہا ہے، جو ملک اور بیرونِ ملک اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

تقریب کو کامیاب بنانے میں ڈاکٹر کمال شاہ، ڈاکٹر علی زمان، ڈاکٹر انعام، ڈاکٹر فہیم، ڈاکٹر ثاقب علی، ڈاکٹر مدثر محمود، مسز نینا فیصل، عمران اور طلباء و طالبات کا خصوصی تعاون رہا۔

بعد ازاں، نئے طلباء و طالبات کو باضابطہ خوش آمدید کہا گیا اور پروفیشنل حلف لیا گیا تاکہ وہ اپنے پیشے میں دیانتداری اور جانوروں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔

تقریب کے اختتام پر ڈین ڈاکٹر فائقہ رمضان نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال کو شیلڈ پیش کی، جبکہ وائس چانسلر نے مہمانانِ خصوصی میں تحائف تقسیم کیے ۔

Scroll to Top