اجلاس کے آغاز پر عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی، جبکہ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ خان کے بھائی اور ڈین پروفیسر ڈاکٹر شفیع اللہ خان کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے کہا کہ گومل یونیورسٹی کو عالمی معیار کے مطابق آگے بڑھانے کے لیے اسے کیو ایس (QS) رینکنگ کی جانب گامزن کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے ای لائبریری کے قیام پر زور دیتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ ہر ٹیچر اپنے کورس سے متعلق کم از کم دس کتابیں اور تین سے پانچ ریسرچ جرنلز کو سی ایم ایس کے ذریعے آن لائن دستیاب بنائے تاکہ طلباء کو جدید اور معیاری تعلیمی وسائل فراہم کیے جا سکیں۔
وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے احکامات کے مطابق ہر ماہ ای-کھلی کچہری کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا، تاکہ طلباء اور متعلقہ افراد کے مسائل بروقت سنے اور حل کیے جا سکیں۔
اجلاس میں امتحانات کے انعقاد، فیسوں کے معاملات اور یونیورسٹی ہاسٹلز کی سولرائزیشن سمیت دیگر اہم امور پر بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ وائس چانسلر نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے ہوئے ادارے کی بہتری اور طلباء کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔