Gomal University

اکتوبر 2025 گومل یونیورسٹی میں یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک مؤثر اور باوقار واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی قیادت وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے کی، جبکہ اساتذہ، طلبہ و طالبات، ڈینز اور مختلف شعبہ جات کے سربراہان نے بھرپور شرکت کی۔

واک کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز، ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس، اور ڈیپارٹمنٹ آف اسپورٹس سائنسز اینڈ فزیکل ایجوکیشن کے تعاون سے کیا گیا۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے، پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حق میں نعرے درج تھے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 وہ سیاہ دن ہے جب بھارت نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں پر ظلم و ستم، ماورائے عدالت قتل، پیلٹ گنز کا استعمال، خواتین کی بے حرمتی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی ضمیر کے لیے لمحۂ فکریہ ہیں۔

انہوں نے آرٹیکل 370 اور 35A کے خاتمے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی شناخت اور خصوصی حیثیت چھیننے کی کوشش کی، مگر کشمیری عوام آج بھی قربانیوں کے ساتھ اپنی آزادی کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وائس چانسلرگومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،اور پاکستانی قوم ہر سطح پر کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،انہوں نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو انکا حق خودارادیت دلوانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے ۔
واک کے اختتام پر کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے مظالم کا نوٹس لیتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل میں عملی اقدام کریں ۔

Scroll to Top