Gomal University

گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے نواب اللہ نواز خان لاء کالج کا دورہ کیا، جہاں کالج کے پرنسپل محمد سراج خان نے اُن کا پُرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے کالج میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں، بالخصوص زیرِ تعمیر جدید طرز کے اسٹیٹ آف دی آرٹ موٹ کورٹ روم کا معائنہ کیا۔

پرنسپل لاء کالج محمد سراج خان نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال کو جاری تعمیراتی کاموں، تعلیمی سہولیات کی بہتری اور کالج کے مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا اور وائس چانسلر کی دلچسپی اور تعاون پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔

وائس چانسلرگومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے تعمیراتی کام کو ریکارڈ تیزی سے مکمل کرنے کی کوششوں کو سراہا اور مجموعی پیش رفت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ترقیاتی اقدامات مروجہ جدید اور بہترین معیارات کے مطابق مکمل کیے جائیں گے۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے گومل یونیورسٹی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے اپنے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے نواب اللہ نواز خان لاء کالج کی تاریخی حیثیت اور خطے میں اس کے نمایاں تعلیمی کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کالج نے ہمیشہ معیاری قانونی تعلیم کی روایت برقرار رکھی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ کو اعلیٰ تعلیمی ماحول اور بہترین تحقیق کے وسائل کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ اس ضمن میں لاء کالج میں ایل ایل ایم اور دیگر پروگرام شروع کرانے کے اپنے عزم کا اظہار بھی کیا۔ وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے جاری کاموں کی بروقت تکمیل کی ہدایت کی اور یہ امید ظاہر کی کہ کالج کا اپنا سولر سسٹم رواں ماہ میں نصب کردیا جائے گا۔

دورے کے اختتام پر وائس چانسلر نے امید ظاہر کی کہ جاری ترقیاتی کاموں کی تکمیل سے لاء کالج جدید ضروریات سے ہم آہنگ ہو کر مزید مؤثر کردار ادا کرے گا۔

Scroll to Top