ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے گومل یونیورسٹی کا دورہ کیا،وفد میں نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف ایگرانومی ،یونیورسٹی آف ایگریکلچر پشاور،ڈاکٹر عبدالغفور سابقہ ممبر (بی اے آر سی) اسلام آباد ،ڈاکٹر دوست محمد چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف سائل اینڈ انوائرمنٹل سائنسز یونیورسٹی آف ایگریکلچر پشاور ،ملک ارشد ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل اور محمد فراز افضل اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل شامل تھے ۔
وفد کا استقبال وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال ،پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ،پروفیسر ڈاکٹر محمد صفدر بلوچ ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر اور رجسٹرار گومل یونیورسٹی ظاہر شاہ مروت نے کیا۔
کونسل کے وفد نے اپنے دورے کے دوران ڈیپارٹمنٹ آف ایگرانومی ،ڈیپارٹمنٹ آف سائل سائنس اور ڈیپارٹمنٹ آف پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹکس کا تفصیلی جائزہ لیا ،وفد نے کلاس رومز ،لیبارٹریز ،اور عملے سے ملاقاتیں کیں اور تحقیق وتدریسی سرگرمیوں کا معائنہ کیا ۔
وفد نے فیکلٹی آف ایگریکلچر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ محدود وسائل کے باوجود اساتذہ ؤ محققین نے بہترین تدریسی ؤ تحقیقی خدمات انجام دے رہے ہیں ،تاہم کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ تدریسی عملہ کی بر وقت ترقی کو یقینی بنائے اور مزید وسائل فراہم کرے تاکہ جدید زرعی تحقیق کو فروغ دیا جا سکے اور سائنسی بنیادوں پر جدید تعلیم متعارف کرائی جا سکے ۔کونسل نے امید ظاہر کی کہ گومل یونیورسٹی آئندہ بھی زرعی تعلیم و تحقیق کے فروغ میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی ۔