Gomal University

گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان میں سپرنگ سمیسٹر کے لیے ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے انٹری ٹیسٹ کا کامیاب انعقاد

گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال کی خصوصی ہدایات پر وینسم کالج میں سپرنگ سمیسٹر کے ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ انٹری ٹیسٹ کے تمام انتظامات ڈائریکٹر ایڈمیشن ریاض احمد بیٹنی اور ان کے سٹاف کے زیرِ نگرانی نہایت خوش اسلوبی سے مکمل کیے گئے۔

ڈائریکٹر ایڈمیشن ریاض احمد بیٹنی کے مطابق ایم فل پروگرامز کے لیے 394 جبکہ پی ایچ ڈی پروگرامز کے لیے 97 امیدواروں نے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ پاک فوج، سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے شہداء کے بچوں کے لیے خصوصی کوٹہ مختص کیا گیا ہے تاکہ وہ بھی اعلیٰ تعلیم کے اس اہم سفر میں بھرپور مواقع حاصل کر سکیں۔

موسمی حالات کے باعث بعض امیدواروں کی عدم شرکت کے باوجود یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے امیدواروں کی سہولت اور رہنمائی کے لیے ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے، جہاں انہیں مکمل تعاون فراہم کیا گیا۔

ڈائریکٹر ایڈمیشن نے انٹری ٹیسٹ کے کامیاب انعقاد پر تمام ڈینز، ڈیوٹی پر مامور ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان، اساتذہ کرام، ایگزامینیشن سیکشن، پرنسپل وینسم کالج، سیکیورٹی اہلکاروں، پولیس جوانوں اور اپنی پوری ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

آخر میں انہوں نے تمام امیدواروں کے اعتماد پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ گومل یونیورسٹی تعلیمی میدان میں میرٹ، شفافیت اور معیارِ تعلیم کے فروغ کے مشن پر گامزن ہے اور آئندہ بھی طلبہ کو معیاری اور جدید تعلیمی مواقع فراہم کرتی رہے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ سپرنگ سمیسٹر میں گومل یونیورسٹی صوبہ کے تمام جامعات پر ایک بار پھر سبقت لے گئی اور اپنا ریکارڈ قائم رکھا ۔

Scroll to Top