Gomal University

گومل یونیورسٹی: فیکلٹی آف فارمیسی میں روحانی و اخلاقی تربیتی سیشن کا انعقاد

فیکلٹی آف فارمیسی، گومل یونیورسٹی کی اسلامک سوسائٹی کے زیر اہتمام طلباء و طالبات کی روحانی نشوونما اور اخلاقی تربیت کے لیے ایک بامقصد اور فکری سیشن کا انعقاد کیا گیا۔

سیشن کے مہمان مقرر مفتی مولانا عبدالرزاق صاحب تھے، جنہوں نے “اخلاقیات، روحانیت اور کردار سازی” کے موضوع پر بصیرت افروز خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ روحانی تربیت انسان کو نہ صرف مقصدِ حیات سے روشناس کراتی ہے بلکہ ہمدردی، صبر اور ذمہ داری جیسے اوصاف بھی پیدا کرتی ہے۔ ان کے مطابق کامیاب و پُرسکون زندگی کے لیے روحانی بنیادوں کا مضبوط ہونا لازمی ہے۔

ڈین فیکلٹی آف فارمیسی ڈاکٹر برکت علی خان نے اسلامک سوسائٹی کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام طلباء کی ہمہ جہتی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نشستیں طلباء کو نہ صرف بااخلاق انسان بناتی ہیں بلکہ انہیں ایک ذمہ دار اور باکردار پروفیشنل میں بھی ڈھالتی ہیں۔

ڈاکٹر برکت علی خان نے وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال کی مسلسل حمایت اور سرپرستی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس نوعیت کے پروگرامز کا تسلسل سے انعقاد ناگزیر ہے۔

تقریب کے اختتام پر یونیورسٹی کی ترقی، بھائی چارے کے فروغ اور فیکلٹی آف فارمیسی کے زخمی طالبعلم حماد کی صحت یابی کے لیے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔

Scroll to Top