Gomal University

گومل یونیورسٹی اور سہارا سیو ارتھ (شجر دوست) کے مابین ماحولیات کے تحفظ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان اور ماحول دوست تنظیم سہارا سیو ارتھ (شجر دوست) کے درمیان ماحول کے تحفظ، شجر کاری کے فروغ اور ماحولیاتی آگاہی کے لیے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی اہم اور باوقار تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب کا اہتمام گومل یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (ORIC) نے کیا، جس میں وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال، سہارا سیو ارتھ (شجر دوست) کے بانی عامر سہیل خان سدوزئی اور ان کی ٹیم نے خصوصی شرکت کی۔
معاہدے کے تحت کیمپس اور اس کے گرد و نواح میں شجر کاری مہمات کے آغاز، نرسریوں کے قیام، ماحول دوست آگاہی پروگرامز اور مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا، جس کا مقصد موسمیاتی تبدیلی اور بڑھتی ماحولیاتی آلودگی کے چیلنجز سے مؤثر طریقے سے نمٹنا ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماحول کا تحفظ ہر فرد کی ذمہ داری ہے اور گومل یونیورسٹی معاشرتی فلاح و ترقی کے لیے ایسے تعاون کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ہیڈ آف ہارٹیکلچر اینڈ لینڈ اسکیپنگ سیکشن ڈاکٹر عمران خان کی خدمات کو بھی سراہا۔

سہارا سیو ارتھ (شجر دوست) کے بانی عامر سہیل سدوزئی نے گومل یونیورسٹی کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری ماحول دوست اقدامات کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہوگی اور علاقے میں پائیدار ماحولیات کے تصور کو تقویت دے گی۔

شرکاء کے مطابق یہ معاہدہ خطے میں ماحولیات کے تحفظ اور پائیدار ترقی کی جانب ایک اہم اور دیرپا قدم ہے، جس کے مثبت اثرات مستقبل میں نمایاں ہوں گے۔

Scroll to Top