Gomal University

گومل یونیورسٹی اور سہارا ویلفیئر آرگنائزیشن کے تعاون سے اسپیشل افراد کے لیے اسپورٹس گالااور قائد اعظم کیمپس میں تقریب کا شاندار انعقاد


تین دسمبر کو گومل یونیورسٹی میں International Day of Persons with Disabilities کے موقع پر گومل یونیورسٹی اور فلاحی ادارہ سہارا کے باہمی اشتراک سے اسپیشل افراد کے لیے ایک شاندار اسپورٹس گالا اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسپیشل افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی میئر ڈیرہ اسماعیل خان کیپٹن (ر) سردار عمر امین خان گندہ پور اور ایڈیشنل کمشنر فرحان خان تھے۔ اس موقع پر سہارا ٹیم کے روحِ رواں عامر سہیل خان سدوزئی، رجسٹرار گومل یونیورسٹی ظاہر شاہ مروت، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر نور محمدمروت، ڈائریکٹر اسپورٹس ڈاکٹر وسیم خان، ڈائریکٹر IER ڈاکٹر لیاقت حسین اور پرنسپل لاء کالج سراج خان سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔اس موقع پر رجسٹرار گومل یونیورسٹی ظاہر شاہ مروت کا کہنا تھا کہ وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال کے وثن کے مطابق گوکل یونیورسٹی اسپیشل افراد کے حوالے سے مزید مثبت اقدامات کررہی ہے، اور آئندہ بھی اس طرح کے مثبت کردار ادا کریں گے ۔

اسپورٹس گالا میں اسپیشل افراد کے لیے کرکٹ، جیولن تھرو، گولہ پھینک، 100 میٹر ریس اور رسی کشی سمیت متعدد مقابلے منعقد ہوئے، جن میں 50 سے زائد کھلاڑیوں نے بھرپور حصہ لیا۔ ایونٹ میں اسپیشل افراد کی شرکت اور جوش و خروش قابلِ دید تھا۔

ایونٹ کے اختتام پر تمام شرکاء میں سرٹیفکیٹس، ٹرافیز اور گولڈ میڈلز تقسیم کیے گئے، جب کہ اسپیشل افراد پر پھولوں کی بتیاں بھی نچھاور کی گئیں اور ویل چیئرز کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔ کھلاڑیوں کے لیے ظہرانے کا انتظام ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس گومل یونیورسٹی کی جانب سے کیا گیا تھا۔

ڈائریکٹر اسپورٹس ڈاکٹر وسیم خان نے اس موقع پر وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی ہمیشہ طلبہ اور اسپیشل افراد کی فلاح و بہبود کو ترجیح دیتی رہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ آئندہ بھی کھیلوں کے مواقع، سہولیات اور وسائل اسپیشل افراد کے لیے مزید بہتر کیے جائیں گے۔سہارا ویلفئیر کے روحِ رواں عامر سہیل خان سدوزئی نے وائس چانسلرگومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال اور گومل یونیورسٹی انتظامیہ کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمیشہ کی طرح گومل یونیورسٹی انتظامیہ مثبت سرگرمیوں میں بہترین کردار ادا کرتی ہے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانانِ خصوصی نے کہا کہ اسپیشل افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کی ضروریات کا احساس کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ اسپیشل افراد کو معاشرتی، سماجی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل رکھنا ایک مثبت اور صحت مند معاشرے کی علامت ہے۔

Scroll to Top