یوتھ پالیسی ڈائیلاگ کونسل (YPDC) کے زیرِ اہتمام منعقدہ پانچ روزہ اوڑان ڈیبیٹس 2025 میں گومل یونیورسٹی نے شاندار شرکت کے ذریعے اپنی فکری برتری اور علمی وقار کا لوہا منوایا۔ ملک بھر کی جامعات سے آئے سینکڑوں مقررین کے درمیان گومل یونیورسٹی کے نمائندہ طلبہ نے مدلل اور باوقار انداز میں شرکت کرتے ہوئے سامعین اور منصفین کو متاثر کیا۔
طلبہ نے مختلف موضوعات پر بحث و مباحثے کے دوران علمی دلائل، منطقی استدلال اور پختہ خیالات کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ان کی کارکردگی کو نہ صرف ججز بلکہ دیگر جامعات کے شرکاء اور منتظمین کی جانب سے بھی سراہا گیا۔
گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے ٹیم کی اس کامیاب نمائندگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں نوجوانوں میں اعتماد، سوچنے کی صلاحیت اور اظہارِ رائے کی مہارت کو جِلا بخشتی ہیں۔
وائس چانسلرگومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال کا مزید کہنا تھا کہ جامعہ گومل آئندہ بھی ایسے علمی و فکری پلیٹ فارمز پر بھرپور شرکت یقینی بنائے گی تاکہ طلبہ کی ہمہ جہتی ترقی ممکن ہو سکے۔