Gomal University

گومل یونیورسٹی کے شعبۂ سائیکالوجی اور گومل میڈیکل کالج کے شعبۂ سائیکاٹری کے باہمی اشتراک سے خودکشی کی روک تھام اور ذہنی صحت سے متعلق آگاہی کے فروغ کے لیے ایک اہم اور معلوماتی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد نوجوانوں اور معاشرے کے مختلف طبقات میں بڑھتے ہوئے ذہنی دباؤ، ڈپریشن اور خودکشی کے رجحان کی وجوہات کا جائزہ لینا اور اس کی مؤثر روک تھام کے لیے عملی اقدامات تجویز کرنا تھا۔


تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال تھے۔
اس موقع پر شعبۂ سائیکالوجی کی سربراہ میڈم مریم، گومل میڈیکل کالج کی ڈین ڈاکٹر نسیم صبا محسود، ڈاکٹر کرامت اللہ بیٹنی، ڈاکٹر عدنان گنڈاپور، ڈاکٹر شاہکار، فیکلٹی ممبران اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے کہا کہ موجودہ دور میں ذہنی دباؤ، تعلیمی و معاشی مسائل اور سماجی تنہائی جیسے عوامل کی وجہ سے خودکشی کا رجحان تشویشناک حد تک بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلباء کی ذہنی صحت پر خصوصی توجہ دیں اور بروقت رہنمائی و کونسلنگ فراہم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے آگاہی سیمینار معاشرے میں مثبت سوچ کو فروغ دینے اور زندگی کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

مہمان مقررین نے خودکشی کی بنیادی وجوہات، خطرے کی علامات، ڈپریشن اور اینزائٹی جیسے ذہنی امراض کی تشخیص اور علاج کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ بروقت تشخیص، فیملی سپورٹ، پیشہ ورانہ کونسلنگ اور مذہبی و سماجی رہنمائی کے ذریعے خودکشی کے بڑھتے ہوئے رجحان کو کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے طلباء کو ہدایت کی کہ اگر وہ اپنے اندر یا اپنے کسی ساتھی میں ذہنی دباؤ یا مایوسی کی علامات محسوس کریں تو فوری طور پر ماہرِ نفسیات یا متعلقہ اداروں سے رجوع کریں۔

سیمینار کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی اور مقررین میں شیلڈز تقسیم کی گئیں جبکہ منتظمین کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔

Scroll to Top