گومل یونیورسٹی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے انٹری ٹیسٹ کا کامیاب انعقاد، انتظامات قابلِ ستائش، امیدواروں کا جوش و خروش دیدنی رہا
گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں قائداعظم کیمپس میں ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ کا کامیاب اور شفاف انعقاد کیا گیا۔ انٹری ٹیسٹ کے سلسلے میں امیدواروں کی سہولت، رہنمائی اور بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے گئے۔
انٹری ٹیسٹ کے انتظامات ڈائریکٹر قائداعظم کیمپس پروفیسر ڈاکٹر نور محمد کی زیرِ نگرانی مکمل کیے گئے۔ اس موقع پر امیدواروں اور ان کے ہمراہ آنے والے افراد کی رہنمائی کے لیے مین گیٹ پر خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا، جہاں امیدواروں کو ٹیسٹ سنٹر، ضروری ہدایات اور دیگر امور کے حوالے سے مکمل رہنمائی فراہم کی گئی تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈائریکٹر قائداعظم کیمپس پروفیسر ڈاکٹر نور محمد نے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ امیدواروں کو پرسکون اور سازگار ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح تھی۔ انہوں نے کہا کہ گومل یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم کے فروغ، میرٹ کی بالادستی اور طلبہ کو معیاری تعلیمی مواقع کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
ڈائریکٹر ایڈمیشن کلیم اللہ خان نے بتایا کہ ایم فل پروگرام میں 673 سے زائد جبکہ پی ایچ ڈی پروگرام میں 226 سے زائد امیدواروں نے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ گومل یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم کے خواہش مند طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر بہترین مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاک فوج، سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے شہداء کے بچوں کے لیے خصوصی کوٹہ بھی مختص کیا گیا ہے تاکہ شہداء کے خاندانوں کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں خصوصی سہولت فراہم کی جا سکے۔
انٹری ٹیسٹ کے کامیاب انعقاد پر ڈائریکٹر قائداعظم کیمپس پروفیسر ڈاکٹر نور محمد نے ڈینز، ڈیوٹی پر موجود اساتذہ کرام، ڈائریکٹر ایڈمیشن، سیکیورٹی سیکشن اور کلاس تھری و فور کے ملازمین سمیت تمام متعلقہ شعبہ جات کے افسران و اہلکاروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے تمام امیدواروں کے گومل یونیورسٹی پر اعتماد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ تعلیمی معیار میں بہتری، شفافیت، میرٹ کی بالادستی اور تحقیق کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ گومل یونیورسٹی مستقبل میں بھی طلبہ کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں تحقیق اور علمی میدان میں آگے بڑھنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتی رہے گی۔