گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے شعبہ بائیو کیمسٹری اینڈ بائیو ٹیکنالوجی (GCBB) کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ طلبہ (World Students’ Day) انتہائی جوش و خروش اور بھرپور انداز میں منایا گیا۔ اس موقع پر طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں، سائنسی تحقیق اور علمی جستجو کو اجاگر کرنے کے لیے انڈرگریجویٹ طلبہ کے مابین ماڈل سازی جبکہ گریجویٹ طلبہ کے درمیان پوسٹرز کے مقابلوں کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں طلبہ نے اپنی صلاحیتوں اور سائنسی مہارتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال تھے، جبکہ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عاصمہ سعید، رجسٹرار عمران اللہ مروت، فیکلٹی ممبران، یونیورسٹی اسٹاف اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مقابلوں کے دوران طلبہ نے اپنے سائنسی ماڈلز اور تحقیقی پوسٹرز کے ذریعے عملی قابلیت، تخلیقی سوچ اور سائنسی موضوعات سے گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ مقابلوں میں پیش کیے گئے ماڈلز اور پوسٹرز کی جانچ پڑتال کے لیے شعبہ بائیولوجیکل سائنسز کی ڈائریکٹر ڈاکٹر ہادیہ گل ،ڈاکٹر عطاء الرحمٰن اور ڈاکٹر زین العابدین نے بطورِ ججز فرائض انجام دیے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر شعبہ بائیو کیمسٹری اینڈ بائیو ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر فائقہ رمضان نے مہمانِ خصوصی، معزز مہمانانِ گرامی، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے تقریب کو کامیاب اور یادگار بنانے میں منتظمین کی کاوشوں اور محنت کو سراہتے ہوئے پوسٹرز مقابلوں کے آرگنائزر ڈاکٹر مزمل احمد خان، ماڈل سازی کے مقابلوں کی آرگنائزر ڈاکٹر جویریہ گل اور انتظامی امور میں اہم کردار ادا کرنے والے سید ایقان حیدر کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے طلبہ میں حصولِ علم، تحقیق، تخلیقی سوچ اور مسلسل جستجو کے جذبے کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کسی بھی تعلیمی ادارے کا حقیقی سرمایہ اور ملک و قوم کا روشن مستقبل ہیں۔ ان کی علمی و تحقیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا اور انہیں اپنی تخلیقی سوچ کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے مزید کہا کہ ایسے تعلیمی اور سائنسی مقابلے طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے، ان میں تحقیق کا رجحان پیدا کرنے اور عملی تجربات کے ذریعے سیکھنے کے مواقع فراہم کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گومل یونیورسٹی میں طلبہ کی علمی، تحقیقی اور تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے ایسی مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی۔
تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں شیلڈز تقسیم کیں اور ان کی صلاحیتوں کو سراہا۔
بعد ازاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے ڈریم وال (Dream Wall) پر اپنے نیک خیالات، خواہشات اور تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے تحریر درج کی، جو طلبہ کے روشن مستقبل، بلند عزائم، امیدوں اور کامیابیوں کی خوبصورت عکاسی تھی۔
گومل یونیورسٹی میں عالمی یومِ طلبہ کی یہ تقریب نہ صرف طلبہ کی تخلیقی اور تحقیقی صلاحیتوں کے اظہار کا ذریعہ بنی بلکہ علمی جستجو، سائنسی شعور اور روشن مستقبل کی جانب ایک مثبت قدم بھی ثابت ہوئی۔