خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر خلیلی نے بطور قائم مقام وائس چانسلر گومل یونیورسٹی اپنے عہدہ کا چارج سنھبال لیا
وہ جب گومل یونیورسٹی پہنچے تو یونیورسٹی انتظامیہ کے افسران اور تدریسی شعبہ جات کے سربراہان نے ان کا استقبال کیا
قائم مقام وائس چانسلر کو پھولوں کے ہار پہنائے اور انکے لیئے نیک خواہشات کا اظہار کیا
گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمدطاہر خلیلی نے کہا ہے کہ میرا واحد مقصد نیک نیتی کے ساتھ گومل یونیورسٹی کی خدمت کرنا اور ٹیم ورک سے حکومتی اعتماد سے عہدہ براء ہونا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی تعیناتی کے بعد یونیورسٹی کے تعلیمی و انتظامی سربراہان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا
انہوں نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا چیف ایگزیکٹو اور چانسلر گومل یونیورسٹی سمیت ہر فورم پر اس مادر علمی کے مالی مشکلات کے خاتمہ کے لیئے کام کیا جائے گا
یونیورسٹی میں محنتی مخلص اور نیک نیتی سے کام کرنے والے ہی میرے دوست ہونگے
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں ڈسپلن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اساتذہ اور تعلیمی شعبہ جات کے سربراہان ڈسپلن کو قائم رکھنے میں کردار ادا کریں
گومل یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر ، رجسٹرار عمران اللہ خان مروت اور دیگر نے ڈاکٹر طاہر خلیلی کو گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ادارہ کی ترقی کے لیئے انہیں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی
رجسٹرار عمران اللہ مروت نے وائس چانسلر کو گومل یونیورسٹی کے تعلیمی ، انتظامی شعبہ جات ، زیر تعلیم طلبہ اور دیگر امور کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی