Gomal University

گومل یونیورسٹی میں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے یوم پیدائش کے حوالہ سے پروقار تقریب کا انعقاد،

گومل یونیورسٹی میں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے یوم پیدائش کے حوالہ سے پروقار تقریب کا انعقاد، فکرِ اقبال، فلسفۂ خودی اور مثبت طرزِ فکر اپنانے پر زور

وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر خلیلی کی خصوصی ہدایات پر شاعرِ مشرق، مفکرِ پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے یومِ ولادت کے سلسلے میں گومل یونیورسٹی میں ایک پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد علامہ اقبالؒ کی فکر و فلسفے، علمی و ادبی خدمات اور نوجوان نسل کے لیے ان کے پیغام کو اجاگر کرنا تھا۔ تقریب میں فکرِ اقبال، فلسفۂ خودی، خود اعتمادی، مثبت طرزِ فکر اور قومی ترقی میں نوجوانوں کے کردار کو خصوصی طور پر موضوعِ بحث بنایا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل مدثر سعید جنرل آفیسر کمانڈنگ (40 ڈویژن) تھے
تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی احمد کریم خان کنڈی نے خصوصی شرکت کی
اس موقع پر پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر ، رجسٹرار گومل یونیورسٹی عمران اللہ مروت، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد لطیف گوندل، شعبہ جات کے ڈینز، ڈاکٹر زاہد اعوان ، ڈاکٹر عاصمہ سعید ، ڈاکٹر محمد صفدر بلوچ ، ڈاکٹر شفیع اللہ، ڈاکٹر زاہد رسول نیازی ، ڈائریکٹر ایڈمںسٹریشن ڈاکٹر ظاہر شاہ مروت صدر گواسا/ڈائریکٹر قائد اعظم کیمپس پروفیسر ڈاکٹر نور محمد مروت سمیت فیکلٹی ممبران، یونیورسٹی ملازمین اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی میجر جنرل مدثر سعید نے علامہ محمد اقبالؒ کے افکار کی روشنی میں مثبت رویوں، تعمیری سوچ اور عملی زندگی میں مسلسل بہتری لانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لیے ضروری ہے کہ ہر فرد روزانہ اپنی زندگی میں بہتری کی جانب ایک قدم بڑھائے۔ ہمیں اپنے رویوں، سوچ اور عمل میں مثبت تبدیلی لاتے ہوئے ایک بہتر معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مثبت مقاصد کے لیے بروئے کار لائیں اور خود اعتمادی، محنت اور عزم کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔
قبل ازیں قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر خلیلی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا انہوں نے اپنے خطاب میں علامہ اقبال کی شاعری کی مختلف جہتوں پر گفتگو کی
انہوں نے کہا کہ گومل یونیورسٹی کے مالی مشکلات کے حل کے لیئے خصوصی گرانٹ کی فراہمی انکی اولین ترجیحات میں شامل ہے
ممبر صوبائی اسمبلی احمد کریم خان کنڈی نے اپنے خطاب میں علامہ محمد اقبالؒ کی زندگی، ان کے فلسفے، فکر اور اردو و فارسی شاعری پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت پاکستانی ہمیں علامہ اقبالؒ کی زندگی، افکار اور تعلیمات سے سبق حاصل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ان کی شاعری محض ادبی اظہار نہیں بلکہ ایک مکمل فکری، اخلاقی اور عملی پیغام ہے، جو ہمیں خودی، خود اعتمادی، بلند حوصلگی، قومی یکجہتی اور مسلسل جدوجہد کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں علامہ اقبالؒ کی اردو اور فارسی شاعری کے مختلف حوالوں سے ان کے پیغام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو اقبال کے افکار سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو پہچاننا اور ملک و قوم کی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔

مقررین نے اس امر پر بھی زور دیا کہ علامہ اقبالؒ کا پیغام آج بھی ہماری قومی، تعلیمی اور سماجی زندگی کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ بالخصوص جامعات کے طلبہ و طالبات پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اقبال کے فلسفۂ خودی، علم، عمل، کردار سازی اور خود اعتمادی کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ ایک باشعور، باصلاحیت اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے۔

تقریب میں اسٹیج سیکریٹری کے فرائض ڈاکٹر عائشہ صدیقہ نے بطریق احسن نبھائے
تقریب کے کامیاب اور شاندار انعقاد میں پرووسٹ پروفیسر ڈاکٹر سمیع اللہ خان، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر ضیاء الرحمن ، چیف پراکٹر ڈاکٹر کفایت شاہ اور ان کی پوری ٹیم کی انتھک محنت، بہترین منصوبہ بندی اور منظم انتظامات کو شرکاء اور حاضرین نے سراہا۔

قبل ازیں مہمانوں نے شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودے لگا ئے ۔
تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر خلیلی نے مہمانِ گرامی میں شیلڈز تقسیم کیں

Scroll to Top