گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کی فیکلٹی آف فارمیسی اور فارمیسی سٹوڈنٹس سوسائٹی کے زیرِ اہتمام ورلڈ فارما سسٹس ڈے کے حوالے سے ایک پروقار، شاندار اور آگاہی پر مبنی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال تھے۔
تقریب میں رجسٹرار عمران اللہ خان، فیکلٹی آف فارمیسی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر زاہد رسول نیازی، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ کرام، فارماسسٹس اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے کہا کہ ورلڈ فارماسسٹس ڈے دنیا بھر میں فارمیسی کے شعبے کی اہمیت، فارماسسٹس کے کردار اور صحتِ عامہ کے فروغ میں ان کی خدمات کو اجاگر کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔ فارماسسٹس صحت کے نظام کا ایک اہم حصہ ہیں، جو ادویات کے محفوظ، مؤثر اور درست استعمال کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مریضوں کی صحت اور فلاح و بہبود میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جدید دور میں فارمیسی کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے، جس کے باعث تحقیق، جدید ادویات کی تیاری، معیاری تعلیم اور عملی تربیت کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ گومل یونیورسٹی میں فارمیسی کی تعلیم اور تحقیق کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ معیاری تعلیم اور عملی تربیت کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
وائس چانسلر نے کہا کہ طلبہ کسی بھی تعلیمی ادارے کا مستقبل ہوتے ہیں اور ان کی علمی، تحقیقی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنا جامعہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے فیکلٹی آف فارمیسی کی جانب سے ورلڈ فارماسسٹس ڈے کے حوالے سے تقریب کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات طلبہ میں پیشہ ورانہ شعور، تحقیق کا جذبہ اور معاشرے کی خدمت کا احساس اجاگر کرتی ہیں۔
اس موقع پر فیکلٹی آف فارمیسی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر زاہد رسول نیازی نے کہا کہ ورلڈ فارماسسٹس ڈے منانے کا مقصد فارمیسی کے شعبے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں ادویات کے محفوظ اور مؤثر استعمال کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گومل یونیورسٹی کا فیکلٹی آف فارمیسی کے طلبہ کو جدید علمی و تحقیقی سہولیات فراہم کرنے اور انہیں ایک بہترین فارماسسٹس بنانے کے لیے کوشاں ہیں ۔
ڈائریکٹر (GCPS)پروفیسر ڈاکٹر فضل الرحمٰن نے ورلڈ فارماسسٹس ڈے کے حوالے سے اپنے خطاب میں کہا کہ فارماسسٹس صحت کے شعبے میں ایک اہم اور ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق، عملی تربیت اور جدید سائنسی علوم پر خصوصی توجہ دیں تاکہ مستقبل میں وہ ملک و قوم کی بہتر انداز میں خدمت کر سکیں۔
تقریب کے دوران ورلڈ فارماسسٹس ڈے کی مناسبت سے مختلف سرگرمیوں، آگاہی پروگرامز اور طلبہ کی جانب سے فارمیسی کے شعبے سے متعلق مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔ مقررین نے فارمیسی کے شعبے میں جدید تحقیق، معیاری تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی ضرورت پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔
تقریب کے اختتام پر ورلڈ فارماسسٹس ڈے کا کیک بھی کاٹا گیا ۔