Gomal University

سوشل میڈیا پر گومل یونیورسٹی کے آفیشل پیڈز پر مبینہ طور پر جاری کیے جانے والے جعلی اور بوگس نوٹیفکیشنز کا سلسلہ سامنے آیا ہے، جس پر یونیورسٹی انتظامیہ نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے

سوشل میڈیا پر گومل یونیورسٹی کے آفیشل پیڈز پر مبینہ طور پر جاری کیے جانے والے جعلی اور بوگس نوٹیفکیشنز کا سلسلہ سامنے آیا ہے، جس پر یونیورسٹی انتظامیہ نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان گومل یونیورسٹی کے مطابق یہ تمام نوٹیفکیشنز من گھڑت، بے بنیاد اور حقیقت کے منافی ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بعض شرپسند عناصر یونیورسٹی کے نام اور آفیشل لیٹر ہیڈ کا غلط استعمال کرتے ہوئے طلباء اور اساتذہ میں کنفیوژن پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان جعلی نوٹیفکیشنز میں آن کیمپس کلاسز کے آغاز اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔

گومل یونیورسٹی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اس وقت یونیورسٹی کی تمام کلاسز بدستور آن لائن جاری ہیں، اور آن کیمپس کلاسز کے آغاز کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔

انتظامیہ کے مطابق ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا کی جانب سے باضابطہ ہدایات کا انتظار کیا جا رہا ہے، اور جونہی ہدایات موصول ہوں گی، انہی کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اگرچہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی جانب سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا جا چکا ہے، تاہم ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا کی طرف سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ ہدایات جاری نہیں کی گئیں۔

لہٰذا سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس کے علاوہ تمام نوٹیفکیشنز سراسر جعلی، گمراہ کن اور ناقابلِ اعتبار ہیں۔

ترجمان نے طلباء، اساتذہ اور والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف یونیورسٹی کے مستند اور آفیشل ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر ہی اعتماد کریں اور کسی بھی غیر مصدقہ خبر کو آگے شیئر کرنے سے گریز کریں۔

مزید برآں، یونیورسٹی انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ جعلی نوٹیفکیشنز تیار کرنے اور پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ایسے غیر ذمہ دارانہ عمل کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔

Scroll to Top