وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کی ہدایت پر گومل یونیورسٹی میں ورلڈ فارماسیسٹ ڈے کے موقع پر ڈین فیکلٹی آف فارمیسی کی سربراہی میں تقریب کا انعقا د کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی رجسٹرار گومل یونیورسٹی ظاہر شاہ تھے جبکہ ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ محمد فصیح اسحاق عباسی تھے۔ تقریب میں یونیورسٹی انتظامیہ سمیت تمام شعبہ جات کے ڈینز، فیکلٹی آف فارمیسی کے تمام اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعدا د موجود تھی۔ ورلڈ فارمیسسٹ ڈے کے موقع پر ڈین فیکلٹی آف فارمیسی ڈاکٹر برکت علی خان کی زیر قیادت فیکلٹی آف فارمیسی سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان آڈیٹوریم تک ایک واک کا اہتمام کیا گیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رجسٹرار گومل یونیورسٹی ظاہر شاہ اوراسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ محمد فصیح اسحاق عباسی نے اپنے مشترکہ خطاب میں کہا کہ آج کی تقریب میں شرکت کرکے انتہائی خوشی محسوس کر رہاہوں فارماسیسٹ کا پیشہ بھی ویسے ہی خدمت خلق ہے جیسے ایک ڈاکٹر کا ہوتا ہے کیونکہ ڈاکٹر بیماری کی تشخیص کر تا ہے اور اس کے بعد بیماری کے خاتمے کیلئے ادویات بنانے کا کام فارماسیسٹ کا ہوتا ہے ۔ اس لئے آپ کو خوشی ہونا چاہیے کہ آپ کو اللہ تبارک و تعالیٰ نے اس عظیم کام کئے منتخب کیاہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فارماسیسٹ پیشہ ایک مقدس پیشہ ہے اس کی عزت و وقار آپ پر لازم ہے کیونکہ اس سے انسانیت کی خدمت کا موقع ملتا ہے اور ہمارا دین بھی ہمیں حقوق العباد کی سختی سے تلقین کرتا ہے ۔ تقریب کے میں اساتذہ کے پینل نے تفصیلی بحث مباحثہ بھی پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر رجسٹرار گومل یونیورسٹی ظاہر شاہ نے ڈین فیکلٹی آف فارمیسی ڈاکٹر برکت علی خان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ محمد فصیح اسحاق عباسی کو گومل یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی شیلڈبھی پیش کی۔