گومل یونیورسٹی اور فائزنہ گرین بائٹس لمیٹڈ کے مابین تعلیمی و صنعتی روابط کے فروغ، طلبہ کی عملی تربیت، انٹرن شپ، رضاکارانہ سرگرمیوں اور تحقیقی مواقع کی فراہمی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
تقریب میں گومل یونیورسٹی کی جانب سے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر جبکہ فائزنہ گرین بائٹس کی جانب سے چیف ایگزیکٹو محمد اعجاز اعوان نے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس موقع پر رجسٹرار عمران اللہ مروت اور ڈائریکٹر ORIC ڈاکٹر عائشہ صدیقہ بھی موجود تھے ۔
معاہدے کے تحت گومل یونیورسٹی کے طلبہ کو کمپنی کے دس مختلف شعبہ جات میں چھ سے بارہ ہفتوں کی انٹرن شپ، عملی تربیت اور سرٹیفکیٹس فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ طلبہ کے لیے رضاکارانہ پروگرام شروع کیا جائے گا جبکہ گومل یونیورسٹی اس منصوبے میں آزاد تعلیمی شراکت دار کی حیثیت سے خواتین کے گھریلو کاروبار کے ماڈلEvery Home a Factory کی تحقیق، نگرانی اور سماجی و معاشی اثرات کے جائزے میں معاونت کرے گی۔
اسی طرح انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن کے ماہرین فوڈ سیفٹی، حفظانِ صحت، غذائیت اور کاروباری لاگت سے متعلق تربیتی سیشنز منعقد کریں گے، جبکہ گومل یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ کو کمپنی میں ملازمت کے لیے ترجیح دی جائے گی۔
واضح رہے کہ یہ معاہدہ 23 اکتوبر 2026 کو منعقدہ ویمنز فوڈ اینڈ بیوریج مقابلے کے تسلسل میں کیا گیا، جس میں ضلع کی 310 خواتین نے شرکت کی تھی۔ مقابلے کی سربراہی ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن پروفیسر ڈاکٹر صدف جواریہ نے کی تھی۔
کمپنی انتظامیہ نے وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کی سرپرستی اور پروفیسر ڈاکٹر صدف جواریہ کی رہنمائی پر بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔
یہ معاہدہ طلبہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے، نجی شعبے کے ساتھ تعلیمی روابط کے فروغ اور خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔