گومل یونیورسٹی میں ورلڈ اسٹیم ڈے کی دو روزہ تقریبات کا کامیاب انعقاد، طلباء کے مابین پریزنٹیشن اور کوئز مقابلے
گومل سینٹر آف بائیو کیمسٹری اینڈ بائیو ٹیکنالوجی (GCBB) گومل یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام ورلڈ اسٹیم ڈے کے سلسلے میں دو روزہ علمی و تحقیقی تقریبات کامیابی سے منعقد ہوئیں، تقریبات کا مرکزی موضوع “One Health, One Future: Unifying Life Sciences for Global Wellness” تھا، جس کا مقصد نوجوانوں میں سائنسی شعور، تحقیق اور ون ہیلتھ کے تصور کو فروغ دینا تھا۔
گومل سینٹر آف بائیو کیمسٹری اینڈ بائیو ٹیکنالوجی کے کانفرنس ہال میں پریزنٹیشن مقابلے جبکہ آڈیو ویڈیو کانفرنس ہال میں کوئز مقابلہ منعقد ہوا، جس میں گومل یونیورسٹی، زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان اور مختلف ڈگری کالجز کے طلباء و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ ابتدائی پریزنٹیشن مقابلے میں ججز ڈاکٹر مزمل احمد خان اور ڈاکٹر محمد یٰسین نے چھ بہترین پریزنٹرز کو فائنل راؤنڈ کے لیے منتخب کیا۔
دوسرے روز ڈاکٹر عبد القدیر خان آڈیٹوریم میں فائنل مقابلے اور اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی پرو وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر تھے۔ تقریب میں رجسٹرار عمران اللہ مروت، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، پرووسٹ پروفیسر ڈاکٹر سمیع اللہ خان،ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر ضیاء الرحمان، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر راجہ دانش منیر، فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے بھرپورشرکت کی۔ فائنل مقابلے میں ججز کے فرائض ڈائریکٹر ORIC ڈاکٹر عائشہ صدیقہ اور ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف بائیولوجیکل سائنسز ڈاکٹر ہادیہ گل نے سرانجام دیے۔
پریزنٹیشن مقابلے میں گورنمنٹ ڈگری کالج نمبر 1 کی طالبہ حلیمہ فرحین نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ کوئز مقابلے میں فیکلٹی آف ایگریکلچر، گومل یونیورسٹی کی ٹیم فاتح قرار پائی۔ مہمانِ خصوصی اور دیگر معززین نے کامیاب طلباء میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔
چیف آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر فائقہ رمضان نے کہا کہ ایسی سرگرمیوں کا مقصد نوجوانوں کو سائنس، تحقیق اور ون ہیلتھ کے تصور سے روشناس کرانا ہے تاکہ انسانوں، جانوروں اور ماحول کی مشترکہ صحت و بہبود کے لیے ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جا سکے۔ تقریبات کے فوکل پرسنز ڈاکٹر محمد ذیشان علی اور ڈاکٹر جویریہ گل تھے، جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر آفتاب اعوان اور عمر اعوان نے انجام دیے۔اس تقریب کے بہترین انتظامات پر چیف آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر فائقہ رمضان نے ایقان حیدر اور گومل سینٹر آف بائیو کیمسٹری اینڈ بائیو ٹیکنالوجی کی پوری ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا ۔