گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان اور Innovative Learning پاکستان کے درمیان طلبہ میں علمِ ریاضیات کی مہارتوں کو فروغ دینے اور ریاضی کے مضمون میں ان کی دلچسپی بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔
مفاہمتی یادداشت پر وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال اور Innovative Learning پاکستان کے چیف آپریٹنگ آفیسر (COO) خالد رسول اعوان نے دستخط کیے۔
اس موقع پر گومل یونیورسٹی کے المنائی اور پی آئی اے سے ریٹائرڈ آفیسر عبدالجواد، محمد حنیف اور سول سوسائٹی ڈیرہ کے صدر و کالم نگار سہیل احمد اعظمی بھی موجود تھے۔
مفاہمتی یادداشت کے مطابق گومل یونیورسٹی اور Innovative Learning پاکستان پہلی جماعت سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ میں علمِ ریاضیات کی مہارتوں کو بہتر بنانے کے لیے باہمی تعاون کریں گے۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ میں ریاضی کے مضمون کو بہتر انداز میں سمجھنے، سیکھنے اور اس میں مزید مہارت حاصل کرنے کی جستجو پیدا کرنا ہے، تاکہ وہ ریاضی کو محض ایک مشکل مضمون سمجھنے کے بجائے اسے دلچسپی اور اعتماد کے ساتھ سیکھ سکیں۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت گومل یونیورسٹی کی جانب سے ریفر کیے گئے اسکولوں کے طلبہ کو قومی رعایتی اسکیم کے ذریعے فیس میں 50 فیصد خصوصی رعایت بھی فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے کہا کہ طلبہ میں بنیادی اور عملی تعلیمی مہارتوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ گومل یونیورسٹی تعلیمی میدان میں ایسے بامقصد اقدامات اور باہمی اشتراک کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، جن سے طلبہ کو جدید تعلیمی مواقع میسر آئیں اور ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکے۔