گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کی ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (ORIC) ڈاکٹر عائشہ صدیقہ نے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (SCCI) پشاور میں محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا کے زیرِ اہتمام صوبے بھر کی جامعات کے ڈائریکٹرز ORIC اور صنعتی شعبے کے نمائندگان کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد جامعات اور صنعتی شعبے کے مابین تحقیقی روابط کو مضبوط بنانا، تحقیق کو صنعتی و تجارتی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں کے ذریعے معیشت و صنعت کو درپیش مسائل کا عملی حل تلاش کرنا تھا۔
اجلاس کے دوران ڈاکٹر عامر عبداللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں جامعات صنعتی ترقی اور تحقیق کے بنیادی مراکز کا کردار ادا کرتی ہیں، لہٰذا خیبر پختونخوا کی جامعات کو بھی صنعتوں کی ضروریات کے مطابق قابلِ عمل اور نتیجہ خیز تحقیقی منصوبوں پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے جنگلی زیتون، خوردنی تیل، حلال نیوٹراسیوٹیکل مصنوعات، سافٹ جیلز اور جدید صنعتی ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تحقیق و جدت کے مواقع سے استفادہ کرنے پر زور دیا۔
اجلاس میں صنعت کاروں نے اپنے منصوبے پیش کیے، جبکہ جامعات کے ڈائریکٹرز ORIC نے اپنی تحقیقی سرگرمیوں اور کامیاب منصوبوں کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر جامعات اور صنعتی شعبے کے درمیان سالانہ مشترکہ اجلاس منعقد کرنے کی تجویز کی بھی تائید کی گئی تاکہ صنعتی مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے جامعات کے تحقیقی وسائل سے مؤثر استفادہ کیا جا سکے۔
گومل یونیورسٹی کی ڈائریکٹر ORIC ڈاکٹر عائشہ صدیقہ کی اس اہم اجلاس میں شرکت یونیورسٹی کے تحقیقی، علمی اور صنعتی روابط کو فروغ دینے کی کاوشوں کا حصہ ہے، جس سے گومل یونیورسٹی اور صنعتی شعبے کے درمیان مستقبل میں مشترکہ تحقیقی منصوبوں، جدت اور تجارتی امکانات کے نئے راستے کھلنے کی توقع ہے۔