گومل یونیورسٹی میں پاکستان کے تاریخی خلائی مشن کی کامیابی کے جشن میں شاندار تقریب، نوجوانوں کو بلند عزائم اور سائنسی ترقی کے سفر میں آگے بڑھنے کا پیغام
گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر خلیلی کی خصوصی ہدایات پر آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (ORIC) کے زیرِ اہتمام ڈائریکٹر ORIC ڈاکٹر عائشہ صدیقہ کی نگرانی میں پاکستان کے تاریخی خلائی مشن کی کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک شاندار خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کے خلائی سفر، سائنسی ترقی، تحقیق، جدت اور مستقبل کے امکانات کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر، رجسٹرار عمران اللہ مروت ،تمام شعبہ جات کے ڈینز، ڈائریکٹر قائداعظم کیمپس، مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور طلبہ نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب کا مقصد پاکستان کی خلائی میدان میں تاریخی پیش رفت کو سراہنے کے ساتھ نوجوان نسل میں خواب دیکھنے، تحقیق کرنے، نئی بلندیوں کو چھونے اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کا جذبہ پیدا کرنا تھا۔ اس موقع پر پاکستان کے خلائی سفر کو امید، حوصلے، قومی فخر اور سائنسی ترقی کی علامت کے طور پر اجاگر کیا گیا۔
قائم مقام وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر خلیلی کے پیغام “تو شاہیں ہے پرواز ہے کام تیرا، ترے سامنے آسمان اور بھی ہیں” کو تقریب کا مرکزی پیغام قرار دیا گیا، جو نوجوانوں کو بلند عزائم، مسلسل جدوجہد، علم و تحقیق اور کامیابی کی نئی منزلیں حاصل کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔
گومل یونیورسٹی نے اس قومی و تاریخی پیش رفت کے جشن میں شریک ہو کر پاکستان کے روشن مستقبل، سائنسی ترقی اور نوجوان نسل کی صلاحیتوں پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا، جبکہ تقریب کے اختتام پر کیک کاٹ کر پاکستان کی خلائی میدان میں تاریخی کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔