گومل یونیورسٹی میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی پروقار تقریب، پرچم کشائی، ملی نغمے اور شجرکاری
گومل یونیورسٹی میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر مہمانِ خصوصی قائم مقام وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر کی قیادت میں پرووسٹ سیکشن اور چیف پراکٹر کے زیرِ انتظام ایک پروقار اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر ڈینز ،تمام شعبہ جات کے سربراہان،اساتذہ کرام اور ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔
یومِ آزادی کی تقریب کا آغاز جامع مسجد میں قرآنِ پاک کی تلاوت اور فاتحہ خوانی سے کیا گیا۔ بعد ازاں سیکیورٹی سیکشن کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی اور پرچم کشائی کی گئی۔ تقریب میں بچوں کی جانب سے خوبصورت ٹیبلوز، ملی نغموں نے شرکاء کو وطنِ عزیز سے محبت اور قومی جذبے سے سرشار کر دیا۔
یومِ آزادی کے موقع پر گومل یونیورسٹی کے تمام کیمپسز کو برقی قمقموں سے خوبصورتی سے سجایا گیا، جبکہ قائدِ اعظم کیمپس اور یونیورسٹی وینسم کالج میں بھی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر اور ڈینز نے پرچم کشائی کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر نے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان، ہماری آزادی اور ہمارے لیے سب سے بڑی نعمت ہے۔ اگر کسی دشمن نے ہمارے پیارے وطن کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر اس کے سامنے کھڑی ہوگی۔ وطنِ عزیز کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ اور شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کی لازوال جدوجہد اور قربانیوں کو یاد کیے بغیر 14 اگست کی خوشیاں نامکمل ہیں۔ ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کا خواب دیکھا، جس کی تعبیر قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ نے اپنی انتھک جدوجہد، سیاسی بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوں سے ممکن بنائی۔
قائم مقام وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر نے کہا کہ پوری قوم کو قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ جیسی عظیم شخصیت کا شکر گزار ہونا چاہیے، جن کی بے مثال قیادت اور قربانیوں کی بدولت ہمیں ایک آزاد وطن نصیب ہوا۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کا اس خطے میں پیدا ہونا کسی معجزے سے کم نہیں تھا، جنہوں نے اپنی بصیرت اور عزم سے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا اور پاکستان کے قیام کو حقیقت کا روپ دیا۔
قائم مقام وائس چانسلر نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور قائدِ اعظمؒ کے فرمان اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔
تقریب کے اختتام پر گومل یونیورسٹی کو مزید سرسبز و شاداب بنانے کے عزم کے تحت شجرکاری بھی کی گئی۔ بعد ازاں یومِ آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا، شرکاء میں مٹھائی تقسیم کی گئی اور وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔