Gomal University

وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال کی زیرِ صدارت چیئرمین کونسل کا اہم اجلاس منعقد ہوا

وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال کی زیرِ صدارت چیئرمین کونسل کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں رجسٹرار عمران اللہ مروت، تمام فیکلٹیز کے ڈینز، مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے کہا کہ گومل یونیورسٹی ہم سب کا اپنا ادارہ ہے اور اس کی بہتری، استحکام اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی جذبے، مسلسل محنت اور خلوصِ نیت کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے تمام افسران اور شعبہ جات کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتے ہوئے جامعہ کی ترقی اور بہتری میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

وائس چانسلر نے داخلوں کے عمل کو مزید مؤثر، تیز اور جدید بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ داخلہ مہم کے لیے مزید محنت اور لگن کے ساتھ کام کیا جائے، جبکہ داخلہ نظام کو اس انداز میں بہتر بنایا جائے کہ نئے آنے والے طلبہ کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ پر خصوصی زور دیتے ہوئے وائس چانسلر نے تمام فیکلٹی ممبران کو ہدایت کی کہ تحقیق کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور زیادہ سے زیادہ تحقیقی منصوبے حاصل کرنے کے لیے بھرپور کاوشیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تحقیق کسی بھی جامعہ کی علمی شناخت اور ترقی کی بنیاد ہوتی ہے، اس لیے گومل یونیورسٹی میں تحقیقی سرگرمیوں کے معیار اور دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ جامعہ کا علمی و تحقیقی مقام قومی اور بین الاقوامی سطح پر مزید مستحکم ہو۔

اجلاس میں جامعہ کے انتظامی و تعلیمی امور، داخلوں کی صورتحال اور مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ جامعہ کی مجموعی ترقی، استحکام اور تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

Scroll to Top