Gomal University

گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے شعبہ علومِ اسلامیہ و عربی کے زیرِ اہتمام چیئرمین ڈاکٹر وجیہہ الدین نعمان کی زیرِ سرپرستی ختمِ نبوت ﷺ کے موضوع پر ایک پُروقار سیمینار منعقد ہوا، جس کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال تھے۔

گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے شعبہ علومِ اسلامیہ و عربی کے زیرِ اہتمام چیئرمین ڈاکٹر وجیہہ الدین نعمان کی زیرِ سرپرستی ختمِ نبوت ﷺ کے موضوع پر ایک پُروقار سیمینار منعقد ہوا، جس کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال تھے۔

سیمینار میں یونیورسٹی کے ڈینز، شعبہ علومِ اسلامیہ و عربی کے اساتذہ کرام اور کثیر تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض حماد سلطان نے انجام دیے، جبکہ قاری عبد الناصر نے تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت حاصل کی اور غلام مرتضیٰ نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں ہدیۂ نعت پیش کیا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے کہا کہ اسلام، قرآنِ کریم اور خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے خلاف کسی بھی قسم کی گستاخانہ، توہین آمیز یا نامناسب زبان ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن عناصر کی جانب سے اسلام اور پیغمبرِ اسلام ﷺ کے بارے میں منفی پروپیگنڈا اور اشتعال انگیز بیانیہ مسلمانوں کے لیے لمحۂ فکریہ ہے، تاہم اس کا جواب جذبات اور تشدد کے بجائے علم، تحقیق، دلیل، کردار اور اسلامی تعلیمات کی مؤثر ترجمانی کے ذریعے دیا جانا چاہیے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ ختمِ نبوت ﷺ ہمارے ایمان کا بنیادی اور اٹل عقیدہ ہے اور بحیثیت مسلمان اس عقیدے کی حفاظت، اس کی درست تشریح اور نئی نسل تک اس کا پیغام پہنچانا ہماری دینی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے قلم، علم، تحقیق اور علمی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اسلام کے خلاف کیے جانے والے منفی پروپیگنڈے کا مدلل اور مؤثر جواب دینا ہوگا۔

وائس چانسلرگومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو اسلامی تاریخ، سیرتِ طیبہ ﷺ، قرآنِ کریم اور ختمِ نبوت ﷺ کے عقیدے سے روشناس کرانے کے لیے جامعات کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ ہمیں نفرت کا جواب نفرت سے نہیں بلکہ علم، اخلاق، کردار اور مضبوط دلیل سے دینا ہے۔ اسلام کا حقیقی پیغام امن، عدل، برداشت، انسانیت اور احترامِ انسانیت پر مبنی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گومل یونیورسٹی میں دینی، اخلاقی، تحقیقی اور علمی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ طلبہ نہ صرف اپنے مذہبی تشخص سے مضبوطی سے وابستہ رہیں بلکہ جدید علمی تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر اسلام کا حقیقی اور روشن پیغام دنیا تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

سربراہ علومِ اسلامیہ و عربی کے چیئرمین ڈاکٹر وجہیہ الدین نعمان کا کہنا تھاکہ عقیدہ ختمِ نبوت اسلام کے بنیادی عقائد میں شامل ہے۔ اس سے مراد یہ ہے کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ اللہ تعالیٰ کے آخری نبی اور رسول ہیں اور آپ ﷺ کے بعد قیامت تک کوئی نیا نبی یا رسول نہیں آئے گا۔ قرآنِ کریم، احادیثِ مبارکہ اور امتِ مسلمہ کے اجماع سے اس عقیدے کی واضح تائید ہوتی ہے۔

ہر مسلمان کے لیے عقیدۂ ختمِ نبوت پر ایمان رکھنا ضروری ہے۔ پاکستان کے آئین و قانون میں بھی اس عقیدے کو قانونی تحفظ حاصل ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نئی نسل کو قرآن و سنت کی روشنی میں عقیدۂ ختمِ نبوت کی اہمیت اور اس کی دینی و قانونی حیثیت سے آگاہ کیا جائے۔

Scroll to Top