Gomal University

قوم کے معماروں کی تعلیم کیساتھ ساتھ تربیت اور ذمہ دار محب الوطن شہری بنانے میں اساتذہ کا کردار قابل تحسین ہے’ اسٹیشن کمانڈر ڈیرہ بریگیڈئیر عامر حیات کا گومل یونیورسٹی کے دورہ کے موقع پر اساتذہ سے خطاب

قوم کے معماروں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت اور ذمہ دار محب الوطن شہری بنانے میں اساتذہ کا کردار قابل ستائش ہوتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اسٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر عامر حیات نے گومل یونیورسٹی کے دورہ کے موقع تمام شعبہ جات کے ڈینز، ڈائریکٹر ز، سربراہان، انتظامی افسران کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ بھی موجود تھے ۔اسٹیشن کمانڈر ڈیرہ بریگیڈئیر عامر حیات نے کہا کہ معاشرے کی تشکیل نو میں یونیورسٹیوں کے کردار سے انکار نہیں کیا جاسکتا کیونکہ یہ وہ ادارے ہیں جہاں سے ہماری نوجوان نسل تیار ہو کر ملک کے مختلف شعبہ جات میں اپنی قابلیت کے جوہر دکھاکر ملک کا نام روشن کرتے ہیں اور اس سب میں اساتذہ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ بہترین تربیت کرکے نوجوان طلبا ء کوپرامن، خوشحال اور ہم آہنگ قوم کیلئے پیشہ ورانہ تیاری اورکردار سازی پر زور دیں۔بریگیڈئیر عامر حیات نے مزید کہا کہ مجھے یہ سن کر انتہائی خوشی ہو رہی ہے کہ گومل یونیورسٹی میں پاکستان کے تمام صوبوں سے ہی نہیں بلکہ غیر ملکی طلباء بھی زیر تعلیم ہیں ۔اسٹیشن کمانڈر ڈیرہ نے مزید کہا کہ سی پیک کی وجہ سے مستقبل قریب میں ڈیرہ اسماعیل خان میں صنعت کاری پروان چڑھے گی جس کیلئے آپ اساتذہ کوطلباء کو ہنر مندبنانا ہوگاجس کیلئے وکیشنل ٹریننگ پروگرامز کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے کیونکہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں اس وقت 5شوگر ملز اپنی پیشہ وارانہ خدمات سر انجام دے رہی ہیں اور سی پیک میں توسیع سے یہاں پر صنعتوں کا قیام مزید بڑھے گا اور بہت سے لوگوں کو روزگارہ کے مواقع فراہم ہوں گے ۔بریگیڈئیر عامر حیات نے مزید کہا کہ نوکری ہمیں ریاست سے ملتی ہے اور اس کوفرض سمجھ کر کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور اگر میں یہ کہوں کہ ہم سے بھی اہم ترین کام اساتذہ کرتے ہیں تو بے جا نہیں ہو گا کیونکہ آپ لوگ قوم کی بنیاد بنا تے ہیں اور بنیادوں کو مضبوط کرنے کیلئے ہمارا ساتھ ہمیشہ تعلیمی اداروں کے ساتھ رہا ہے اورانشاء اللہ آگے بھی رہے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کا کہنا تھا کہ قیام امن کیلئے پاک فوج، پولیس’ سمیت تمام سیکیورٹی اداروں کی لازوال قربانیاں ہیںجس پر ہم اپنے شہداء کو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں انہوںنے مزید کہا کہ ملک کے تمام تعلیمی اداروں میں طلباء انتہائی پر امن تعلیمی ماحول میں حصول علم سے روشناس ہو رہے ہیں جو کہ سب ہماری پاک فوج، پولیس سمیت تمام سیکیورٹی اداروں کی مرہون منت ہے اور انشاء اللہ گومل یونیورسٹی کا پاک فوج سمیت پولیس اور دیگر تمام سیکیورٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون رہے گا۔ اس موقع پروائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر عامر حیات کو یونیورسٹی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جبکہ آخر میں وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر عامر حیات کو گومل یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی شیلڈ پیش کی جبکہ اسٹیشن کمانڈرڈیرہ بریگیڈیئر عامر حیات نے وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کو سوینئر پیش کیا۔

Scroll to Top